امریکا اور برطانیہ آبنائے ہرمز میں بحری اتحاد کی تیاری کر رہے ہیں، امریکی میڈیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور برطانیہ آئندہ ہفتے لندن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی اتحاد کے قیام پر غور کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق دو یورپی سفارت کاروں اور دو باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس کی حتمی تاریخ اور ایجنڈا ابھی طے نہیں ہوا، تاہم توقع ہے کہ اس میں مغربی ممالک اور خطے کے بعض ممالک کے وزرائے دفاع اور اعلیٰ فوجی حکام شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اصولی طور پر تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن اور لندن مشترکہ طور پر اس اجلاس کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تاہم واشنگٹن میں برطانوی سفارت خانے نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

ایگزیوس کے مطابق آبنائے ہرمز کو تجارتی جہاز رانی کے لیے محفوظ اور فعال رکھنا ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے خاتمے اور عالمی توانائی منڈیوں میں استحکام کے لیے امریکی حکمت عملی کا اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک سے خطے میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے جہاز، جنگی بحری جہاز، ڈرون اور دیگر دفاعی وسائل بھیجنے کی خواہش رکھتا ہے تاکہ بین الاقوامی جہاز رانی کے راستوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button