ملک بھر میں موسلادھار بارشیں، لاہور اور کراچی زیرِ آب، بجلی کا نظام متاثر، ہلاکتوں کی تعداد 81 ہو گئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا، لاہور اور کراچی میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر جبکہ کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

لاہور میں مسلسل بارش کے باعث متعدد سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب کراچی میں بھی بادل خوب برسے۔ گلشنِ اقبال، صدر، محمود آباد، ناظم آباد، لیاری، گلشنِ حدید، گڈاپ، گرو مندر، جمشید روڈ، بلدیہ، نیول کالونی اور مواچھ گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 54 زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے 23 جولائی تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 81 افراد جاں بحق اور 241 زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button