کراچی،دن دہاڑے اہل خانہ کو یرغمال بناکر گھر میں 40 لاکھ کی ڈکیتی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال بلاک 6 میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان گھر سے سونا، زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، مجموعی نقصان 40 لاکھ روپے سے زائد بتایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 6 میں واقعے رہائشی گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر کا صفایا کرگئے۔
متاثرہ شہری کاشف نے پولیس کو بتایا کہ چار مسلح افراد لاک توڑ کر گھر میں داخل ہوئے اور اہلِ خانہ کو یرغمال بنا لیا، ملزمان گھر کے مختلف کمروں میں گھس گئے اور الماریوں سے زیورات، نقدی اور قیمتی اشیاء سمیٹ لیں۔
مدعی مقدمہ کاشف کے بیان کے مطابق واردات کے دوران اہلِ خانہ کو باندھ کر رکھا گیا جبکہ گھر واپسی پر انہوں نے اہلِ خانہ کو بندھی حالت میں پایا اور گھر سے قیمتی سامان غائب تھا۔
مدعی کے مطابق ملزمان نے اہلِ خانہ پر تشدد بھی کیا اور بچے کو نیند سے جگا کر ہراساں کیا، جبکہ اہلیہ کو بھی باندھا گیا۔
ایس ایچ او تھانہ گلشن اقبال محمد سعود کا کہنا ہے کہ خاتون نے جسمانی تشدد کی تردید کی ہے اور بیان دیا ہے کہ ملزمان نے صرف رسیوں سے باندھا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واردات کے بعد خاتون اور بچہ گھر میں موجود تھے، جبکہ گھر کے اندر سے کچھ رقم کپڑوں میں چھپی ہوئی مل گئی۔ خاتون نے بتایا کہ چند چھوٹے سونے کے سیٹ اور دیگر سامان لوٹا گیا۔
واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری کاشف کی مدعیت میں گلشن اقبال تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے تفتیش شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔



