پی ٹی آئی کا ناراض امیدواروں کے دستبردار نہ ہونے پر اپوزیشن سے مقابلے کا فیصلہ
ناراض امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اتوار سے قبل اپنے کاغذات واپس لے لیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف نے واضح کر دیا ہے کہ اگر سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی کے ناراض امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی واپس نہ لیے تو وہ اپوزیشن کے خلاف براہِ راست میدان میں اترے گی، جس سے اپوزیشن کے ساتھ طے پانے والا 6 اور 5 نشستوں کا معاہدہ بھی ختم ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ناراض امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اتوار سے قبل اپنے کاغذات واپس لے لیں، بصورت دیگر ان کے خلاف تنظیمی کارروائی کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ناراض امیدواروں کو منانے کے لیے دو ملاقاتیں کی گئیں۔ پہلی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور امیدوار شریک ہوئے، جب کہ دوسری میٹنگ ویڈیو کال پر ہوئی لیکن اس میں ناراض امیدوار شریک نہیں ہوئے۔
اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بعد ازاں معاملہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا، جس نے پارلیمانی پارٹی کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے 6 نشستوں پر بانی رہنما کے نامزد امیدواروں کی حمایت کی اور سینیٹ انتخابات کو بلامقابلہ کرانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا۔
بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ باقی امیدوار بھی پارٹی فیصلے کا احترام کریں گے، تاہم اگر کسی نے کاغذات واپس نہ لیے تو ان کے بارے میں دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پارٹی کے سینیٹ امیدوار عرفان سلیم کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی کمیٹی کے فیصلے پر پارٹی کارکنوں سے مشاورت کریں گے، جس کے بعد کسی حتمی فیصلے پر پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مفاہمت طے پائی تھی، جس کے مطابق تحریک انصاف کو 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں دی جانی تھیں، تاہم ناراض امیدواروں کے مؤقف نے معاہدے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔



