ٹھٹھہ میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا شدید احتجاج

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ٹھٹھہ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور شدید گرمی کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے خلاف عوامی غصہ سڑکوں پر پھٹ پڑا۔
محلہ اسلام پور میں بجلی کی فراہمی بند کیے جانے پر شہریوں اور حیسکو انتظامیہ کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ مشتعل شہریوں نے ایس ڈی او حیسکو ٹھٹھہ کی گاڑی کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔
صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب شہریوں نے بائی پاس چوک پر دھرنا دے کر قومی شاہراہ بلاک کر دی اور ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ حیسکو عملہ مبینہ طور پر پولیس کے ساتھ مل کر گھروں پر چھاپے مار کر بجلی منقطع کر دیتا ہے، جبکہ اوور ریڈنگ اور ناجائز بلنگ کے ذریعے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ رات کے اوقات میں حیسکو عملہ گھروں اور چھتوں پر چڑھ کر “چادر اور چار دیواری” کے تقدس کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ موجودہ ایس ڈی او حیسکو ٹھٹھہ کا فوری تبادلہ کیا جائے اور کارروائی کی جائے۔
بعد ازاں ڈی ایس پی ٹھٹھہ کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کر دیا گیا، تاہم اطلاعات کے مطابق احتجاج کی قیادت کرنے والے مقامی سیاسی و سماجی کارکن شہروز چانگ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
علاقے میں بجلی کے بحران اور احتجاجی صورتحال کے باعث کشیدگی بدستور برقرار ہے۔



