وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس: وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے متعلق قرارداد منظور

وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جو مکمل ہونے کے بعد کئی اہم فیصلے منظر عام پر آ گئے ہیں۔ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا اور ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران اور بعد میں ادا کیے گئے کردار کو سراہتے ہوئے کابینہ نے باقاعدہ قرارداد منظور کی۔

وفاقی کابینہ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں کمی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور سفارتی سطح پر پاکستان کے کردار کو مثبت قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ نے فائنانس بل میں مجوزہ ترامیم اور مالیاتی تجاویز پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

کابینہ نے ایران اسرائیل تنازع کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں ایک اور اہم فیصلے کے تحت کابینہ نے پیٹرولیم لیوی کی شرح مقرر کرنے کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو دینے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button