وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقاتیں

گزشتہ رات ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں پر گفتگو

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب، قطر اور چین کے سفراء نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال، علاقائی سلامتی، اور باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے قطر اور سعودی عرب کے خطے میں قیامِ امن کے لیے مثبت کردار کی تعریف کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے سفیر علی مبارک سے ملاقات کے دوران گزشتہ رات ایران پر ہونے والے حملوں اور اس کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے قطری حکومت اور عوام سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی ہے، اور مشرق وسطیٰ میں امن کا راستہ بھی صرف اسی ذریعے سے ممکن ہے۔

https://x.com/CMShehbaz/status/1937386501920424268

بعد ازاں وزیراعظم سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں شخصیات نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سعودی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور آئندہ ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔

وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں کے سلسلے میں چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور چین کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مالی و اقتصادی مدد پر دلی شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران-اسرائیل تنازع اور اس میں حالیہ پیش رفت پر بھی گفتگو کی۔ چینی سفیر نے اقوام متحدہ سمیت تمام سفارتی فورمز پر پاکستان کے مؤثر، فعال اور مثبت کردار کو سراہا اور بحرانوں کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارت کاری کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button