وزیراعظم کی تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش
وزیراعظم شہباز شریف بیرسٹر گوہر سے مصافحہ کے لیے خود ان کی نشست پر بھی گئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا ہے کہ بیٹھ کر بات چیت کی جائے کیونکہ مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ "بیٹھ کر بات کرتے ہیں، پہلے بھی کہا تھا کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں”۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے جواب میں مختصر کہا: "انشااللہ”۔
ذرائع کے مطابق یہ مکالمہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل ہوا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بیرسٹر گوہر سے مصافحہ کے لیے خود ان کی نشست پر بھی گئے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے بھی تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش پہلے سے موجود ہے۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے تمام جماعتوں کے درمیان بات چیت ناگزیر ہے۔



