میرپورخاص میں چنگچی ڈرائیورز کا احتجاج ’’روزی روٹی بند ہو رہی ہے‘‘

میرپورخاص (رپورٹ شاھدمیمن\جانوڈاٹ پی کے) اولڈ سول اسپتال کے پاس چنگچی رکشہ کا اڈہ ختم کروانے پر چنگچی رکشہ ڈرائیورز کا ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج، پریس کلب کے باہر دھرنا تفصیلات کے مطابق چنگچی رکشہ ڈرائیورز نے ٹریفک پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف میرپورخاص پریس کلب کے باہر اپنی چنگچیاں کھڑی کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ٹریفک پولیس انہیں ناجائز طور پر تنگ کر رہی ہے جبکہ دیگر گاڑیوں کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ کاریں، ٹرک اور ٹریکٹر بغیر کسی رکاوٹ کے شہر میں داخل ہو جاتے ہیں جبکہ چنگچی ڈرائیورز کو روک کر ان سے زبردستی 200 روپے لیے جاتے ہیں اس کے باوجود ان کے چالان بھی کیے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ دن بھر کی کمائی بمشکل 400 سے 500 روپے ہوتی ہے جس میں سے پٹرول کے اخراجات بھی پورے کرنا مشکل ہوتے ہیں ایسے میں بھاری جرمانے ان کے لیے ناقابل برداشت ہیں احتجاج کرنے والے ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ انہیں 500 سے لے کر 5 ہزار روپے تک کے چالان کیے جا رہے ہیں جس سے ان کا روزگار شدید متاثر ہو رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف راستوں پر انہیں کام کرنے سے روکا جا رہا ہے اور کئی مقامات پر داخلے کی اجازت بھی محدود کر دی گئی ہے مظاہرین نے کہا کہ مہنگے پٹرول اور کم آمدنی کے باعث وہ پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے اقدامات نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے اور انہیں روزگار کمانے کی آزادی دی جائے اس موقع پر مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔



