ملک بھر میں مون سون کی تباہ کاریاں جاری، 178 افراد جاں بحق

تازہ رپورٹ جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک): ملک بھر میں جاری شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نقصانات پر تازہ رپورٹ جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 26 جون سے 17 جولائی کے درمیان مختلف حادثات و واقعات میں 178 افراد جاں بحق اور 491 افراد زخمی ہوئے، جن میں 85 بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہی 54 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 227 افراد زخمی ہوئے، ملک کے مختلف حصوں میں املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

سب سے زیادہ تباہی صوبہ پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں دیکھی گئی، جہاں 16 سے 17 جولائی کے دوران شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ راولپنڈی میں مسلسل 15 گھنٹوں کی بارش کے دوران 255 ملی میٹر پانی برسا، جس کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجائے گئے۔

چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 423 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے علاقے میں ایک ڈیم کا بند ٹوٹ گیا اور آس پاس کی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث راولپنڈی، جہلم اور چکوال کے ہزاروں بجلی صارفین متاثر ہوئے، بارش کے باعث متعدد ٹرانسفارمرز، کھمبے اور بجلی کی تاریں بہہ گئیں، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، نشیبی علاقوں سے لوگوں کے انخلا، اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

مزید خبریں

Back to top button