عمران خان کو کوئی مائنس کر ہی نہیں سکتا، جاوید ہاشمی
عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آمد

راولپنڈی (ویب ڈیسک): سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ملکی سیاست سے مائنس کرنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان رہائی نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی مانگ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اڈیالہ جیل آئے تھے لیکن پولیس کی بھاری نفری نے ان کی ملاقات کو ممکن نہیں ہونے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مؤقف کو درست سمجھتا ہوں اور یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان صرف آئین کی بالادستی کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔
جاوید ہاشمی نے الزام لگایا کہ اسٹیبلشمنٹ ملک کا مکمل کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان رہائی کے لیے نہیں بلکہ رول آف لاء کے قیام کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی لیڈر اسٹیبلشمنٹ کے قریب گیا، میں نے اس سے فاصلہ اختیار کیا۔ موجودہ حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں اس لیے عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔
جاوید ہاشمی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں کوئی بھی حقیقی سیاسی رہنما باقی نہیں بچا۔ ان کے مطابق اب ایسی کوئی جماعت باقی نہیں جو آئین اور جمہوریت کی بات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو جماعتیں آئین اور جمہوریت کا دفاع نہیں کرتیں وہ سیاست نہیں بلکہ کچھ اور کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کو ملکی سیاست سے مائنس کرنا ناممکن ہے۔



