سیاسی رہنما کے گھر میں لگے "درخت ” سے ایک کروڑ روپے برآمد

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک میں 10 مئی کو الیکشن ہونے والے ہیں تاہم اس سے قبل ہی سیاسی گہماگہمی اور سنسنی اپنے عروج پر ہے اور اس میں بھونچال اس وقت آیا جب انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کانگریس رہنما کے بھائی کے گھر پر چھاپا مارا۔بھارتی انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کرناٹک کے شہر میسور سے الیکشن لڑنے والے کانگریس کے امیدوار اشوک کمار کے بھائی سبرامنیا رائے کے گھر پر چھاپا مارا اور جامع تلاشی لی۔تلاشی کے دوران انکم ٹیکس اہلکاروں کو گھر میں لگے آم کے درخت کے تنے پر چھپائے گئے ڈبے سے ایک کروڑ روپے ملے جنھیں تحویل میں لیکر کانگریس رہنما کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیا۔انگریس رہنما نے اس کارروائی کو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے چند روز قبل کی گئی اس کارروائی کا مقصد انھیں الیکشن میں شکست دلوانا ہے۔دوسری جانب انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ چھاپا کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے تسلسل کا ایک حصہ ہے جس کا آغاز اپریل سے ہوا تھا اور بنگلورو سے دو افراد کو کڑوروں روپے چھپانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔اسی طرح ریئل اسٹیٹ کا کام کرنے والے معروف بلڈر کو بھی بھاری رقم سمیت گرفتار کیا گیا اور بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ایک اور سیاسی رہنما کے بیٹے کے اسکول پر بھی چھاپا مارا گیا تھا۔



