بھارتی پولیس نے کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کو گرفتار کرلیا

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی پولیس نے نوجوانوں کی جماعت ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دیپکے کو نئی دہلی میں طے شدہ ایک احتجاج سے قبل حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ابھیجیت دیپکے کی گرفتاری بھارت کے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کے لیے نکالی جانے والی تازہ ترین ریلی سے قبل عمل میں آئی ہے۔

نوجوانوں کی زیرِ قیادت ‘کاکروچ جنتا پارٹی’، اپوزیشن گروپس اور طلبا تنظیموں نے رواں ماہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر تقریباً روزانہ کی بنیاد پر مظاہرے کیے ہیں۔

اپوزیشن کا الزام ہے کہ ووٹر لسٹوں کی حالیہ نظرِ ثانی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو دانستہ طور پر فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ووٹر لسٹوں کی اس نظرِ ثانی کے دوران 13 کروڑ سے زائد افراد کو ووٹر لسٹوں سے خارج کر دیا گیا تھا۔

ابھیجیت دیپکے نے جمعے کے احتجاج کی کال اپنی پارٹی کے ان دو رہنماؤں کی حمایت میں دی تھی جنہیں رواں ہفتے پابندی کے باوجود ایک مقام پر مظاہرہ کرنے کے الزام میں حراست میں لے کر 5 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

سی جے پی اور بائیں بازو کی طلباء تنظیموں نے اپنے حامیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ جمعے کی شام نئی دہلی کے مصروف ترین علاقے ‘کناٹ پلیس’ کے سینٹرل پارک میں جمع ہو کر قومی پرچم لہرائیں۔

سی جے پی کے انسٹاگرام ہینڈل پر نشر ہونے والی لائیو ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ابھیجیت دیپکے ایک گھر سے نکل کر سڑک کی طرف جا رہے تھے جب پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا اور مختصر بحث کے بعد پولیس کی ایک گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔

ویڈیو میں ایک پولیس افسر کو ابھیجیت دیپکے سے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’ہم آپ کو ابھی حراست میں لے رہے ہیں‘۔ جس پر ابھیجیت نے سوال کیا کہ ’میں نے ابھی تک کوئی قانون نہیں توڑا۔۔۔ آپ مجھے کیسے حراست میں لے سکتے ہیں‘؟

خبررساں ایجنسی کے مطابق اس سے قبل آج  پولیس نے ابھیجیت دیپکے سے ملاقات کر کے انہیں احتجاج  سے باز رہنے کی وارننگ دی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button