سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی تجاوزات کے خلاف فیلڈ میں متحرک

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی تجاوزات کے خلاف فیلڈ میں متحرک، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر کی زیر نگرانی انسداد تجاوزات مہم کے تحت اکبر روڈ اور گول چوک سے ملحقہ بازاروں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے دکانداروں اور تاجروں کو اپنے کاروبار کو مقررہ حدود تک رہتے ہوئے کاروبار کرنے کی ہدایات دیں۔ محمد بن علی نے مختلف بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے دکانداروں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کہ تجاوزات شہریوں کی آمدورفت میں مشکلات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے انسداد تجاوزات مہم مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقررہ حدود سے تجاوز کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں بھاری جرمانے بھی کیے جائیں گے۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے کہا کہ دکاندار انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور تجاوزات کے خاتمے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے



