دانیال ظفر شوبز سے عارضی طور پر دور،مسلسل مصروفیت اور صحت پر دباؤ کے باعث بریک لینے کا اعلان

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)معروف پاکستانی گلوکار و اداکار دانیال ظفر نے مسلسل کام اور سفر کے باعث صحت پر پڑنے والے اثرات کے پیشِ نظر اپنی تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں عارضی طور پر روکنے کا اعلان کردیا ہے۔

دانیال ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ وہ محسوس کر رہے ہیں کہ اب اپنی ہمت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔

گلوکار نے بتایا کہ گزشتہ دو برس کے دوران وہ مسلسل سفر میں رہے اور ان کے لیے کسی ایک جگہ چند دن سے زیادہ قیام کرنا بھی مشکل رہا۔ ان کے مطابق بیک وقت اداکاری اور موسیقی کے شعبوں میں کام کرنا انتہائی مشکل ہے اور اس مصروف معمول نے ان کی صحت کو متاثر کیا ہے۔

دانیال ظفر نے مزید بتایا کہ انہیں فی الحال اپنی صحت کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے کچھ وقت کے لیے تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔اداکار و گلوکار کے مطابق وہ اس وقفے کے دوران اپنی صحت پر توجہ دیں گے اور مکمل صحت یابی کے لیے وقت لیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button