بھارت کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کریں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا واضح پیغام

انہوں نے یہ بات 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے خطاب کے دوران کہی

اسلام آباد (ویب ڈیسک): چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ ماضی میں بھارت کی اجارہ داری تسلیم کی، نہ اب کرے گا اور نہ آئندہ کبھی ایسا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے خطاب کے دوران کہی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ملک کی ترقی، سلامتی اور کامیابی کے لیے ریاست کے تمام اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے، اور اس مقصد کے لیے سول بیوروکریسی کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں نے دفاع وطن کے معرکۂ حق میں مثالی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور لائن آف کنٹرول سے ساحل سمندر تک دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

سپہ سالار نے اپنے خطاب میں کہا کہ افواجِ پاکستان جدید جنگی تقاضوں کے مطابق ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھارتی بالا دستی تسلیم نہیں کی اور قوم کبھی دشمن کے سامنے نہیں جھکے گی۔

فیلڈ مارشل نے بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کو دہشتگردی کی جڑ قرار دیا اور کہا کہ خود بھارت خطے میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں لیکن افغانستان کو بھارت کی پراکسی تنظیموں "فتنۃ الہندوستان” اور "فتنہ الخوارج” کے لیے زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

انہوں نے افسران کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے محبت اور وفاداری بنیادی شرط ہے، اور دیانت، جرأت، صلاحیت اور کردار میں ہمیشہ کردار کو ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو قومیں اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں، ان کا مستقبل بھی اندھیرے میں ہوتا ہے۔ اس لیے پاکستان کی جدوجہد اور تاریخ کو جانیں اور آئندہ نسلوں تک پہنچائیں۔

خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ نظام میں کمزوریاں ہو سکتی ہیں لیکن ان پر منفی قوتوں کو حاوی نہ ہونے دیں، اور پاکستانیت کو ذاتی، لسانی یا علاقائی شناخت پر ہمیشہ فوقیت دیں۔

مزید خبریں

Back to top button