نیویارک میں پہلے مسلم میئر کے انتخاب کی راہ ہموار

مسلمان سیاستدان زہران ممدانی نے نیویارک سٹی کے میئر کی دوڑ میں اہم کامیابی حاصل کرلی

نیو یارک (ویب ڈیسک): بھارتی نژاد 33 سالہ امریکی مسلمان سیاستدان زہران ممدانی نے نیویارک سٹی کے میئر کی دوڑ میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے پرائمری الیکشن میں سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دے دی، اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر میئر کے امیدوار نامزد ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اینڈریو کومو، جنہوں نے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد چار سال قبل گورنری سے استعفیٰ دیا تھا، اس بار سیاست میں واپسی کی کوشش کر رہے تھے۔ شکست کے بعد اپنے حامیوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زہران ممدانی کو فون کر کے مبارکباد دی اور انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ کومو نے کہا، آج کی رات زہران کی ہے۔

زہران ممدانی نے اپنی کامیابی پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر نیلسن منڈیلا کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: ’’جب تک کوئی کام مکمل نہ ہو، وہ ناممکن لگتا ہے۔ میرے دوستو! آپ نے یہ ممکن کر دکھایا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہیں اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ نیویارک سٹی کے میئر کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ہیں۔

https://x.com/ZohranKMamdani/status/1937728420156174626

انتخابی حکام کے مطابق، 95 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد سامنے آنے والے ابتدائی نتائج میں زہران ممدانی نے 43.5 فیصد ووٹ حاصل کیے، جب کہ اینڈریو کومو 36.4 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ بقیہ 9 امیدوار واضح طور پر پیچھے رہ گئے۔

نیویارک کے ’رینکڈ چوائس ووٹنگ سسٹم‘ کے تحت حتمی نتائج اگلے ہفتے متوقع ہیں، تاہم زہران کی برتری اس قدر نمایاں ہے کہ کومو یا کوئی اور امیدوار انہیں پیچھے چھوڑتا نظر نہیں آتا۔ تیسرے نمبر پر آنے والے بریڈ لینڈر نے بھی اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ وہ ممدانی کو دوسری ترجیح پر ووٹ دیں، جس سے زہران کی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ انتخاب اس بات کا اشارہ ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی، ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ دوسرے دورِ صدارت کے بعد کس سمت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ زہران ممدانی ایک ترقی پسند امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں جبکہ اینڈریو کومو اعتدال پسند اسٹیبلشمنٹ کے نمائندہ سمجھے جاتے تھے۔

نومبر میں ہونے والے عام انتخابات میں زہران ممدانی کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ڈیموکریٹس کی اکثریت موجود ہے۔ موجودہ میئر ایرک ایڈمز آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں، تاہم بدعنوانی کے الزامات اور سابق صدر ٹرمپ سے مبینہ تعلقات نے ان کی پوزیشن کو کمزور کر دیا ہے۔ ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا، جو ریڈیو میزبان اور ’گارڈین اینجلز‘ کے بانی ہیں، 2021 میں ایرک ایڈمز سے الیکشن ہار چکے ہیں۔

اگر زہران ممدانی کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان میئر ہوں گے۔ وہ یوگنڈا میں بھارتی نژاد خاندان میں پیدا ہوئے اور فلسطینی کاز کے سرگرم حامی کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button