نوجوان افسران دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے خلوص کے اعلیٰ ترین معیارات کو اپنائیں: فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

راولپنڈی (ویب ڈیسک): آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سول بیوروکریسی ریاستی نظام کے مؤثر نفاذ میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے، نوجوان افسران دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو اپنا نصب العین بنائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے نوجوان افسران سے گفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور ریاستی اداروں میں ہم آہنگی کی ضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ملک میں امن و استحکام کی ضامن ہے اور ریاستی اداروں کے درمیان تعاون ہی ملکی ترقی اور یکجہتی کا ضامن بن سکتا ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان افسران اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری، قابلیت اور خلوص نیت سے نبھائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران نے کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پاک فوج کی کارروائیوں اور سیکیورٹی اقدامات کا مشاہدہ بھی کیا۔ ملاقات کے اختتام پر آرمی چیف نے نوجوان افسران کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



