موسلادھار بارش کے بعد دریائے سوات میں طغیانی، 75 افراد بہہ گئے

ریسکیو ٹیموں نے تاحال 5 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں

سوات (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے سوات میں شدید طغیانی آگئی، جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد دریا کی موجوں کی نذر ہو گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے تاحال 5 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں، جب کہ 55 سے زائد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے، جبکہ 20 سے زائد افراد کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دریائے سوات میں 7 مختلف مقامات پر سیلابی ریلے کی زد میں آ کر لوگ بہہ گئے۔ بائی پاس کے مقام پر ایک ہی خاندان کے 9 افراد سمیت 17 افراد دریا برد ہو گئے، جن میں سے 4 افراد کی لاشیں نکالی گئیں اور 3 کو زندہ بچا لیا گیا، دیگر کی تلاش جاری ہے۔

واقعے کی ہولناک ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں جن میں درجنوں افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، مٹی کے ٹیلے پر پناہ لیتے دکھائی دیتے ہیں اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے دریا کی بے رحم موجیں ان سب کو بہا لے جاتی ہیں۔

ریسکیو کے مطابق امام ڈھیرئی کے مقام پر 22 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے، جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔ غالیگے کے مقام پر 7 افراد پانی میں پھنس گئے، جن میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی، باقی کی تلاش جاری ہے۔ مانیار میں بھی 7 افراد ریلے میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ پنجیگرام میں بھی ایک شخص سیلابی پانی میں پھنس گیا۔

ادھر مٹہ کے علاقے برہ بامہ خیلہ میں 20 سے 30 افراد دریا کی موجوں میں گھر گئے تھے، جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکاروں پر مشتمل ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم شدید موسم اور پانی کی تیز لہریں امدادی کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button