دوبارہ حملہ کیا تو بغیر جھجھک کے جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل کا بھارت کو منہ توڑ جواب
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا

کراچی (ویب ڈیسک): فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے عوام، حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلقات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا، دشمن کی کوئی بھی مہم جوئی اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی۔
کراچی میں واقع پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں پاک بحریہ کے 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ وہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پاسنگ آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے شاندار پریڈ کا معائنہ کیا اور انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت اپنی فوجی طاقت، انتہاپسند قوم پرستی اور جعلی اسٹریٹجک اہمیت کے ذریعے سیاسی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت نے دو مرتبہ غیر ذمہ دارانہ جنگ کا ارتکاب کیا، مگر پاکستان نے پُرعزم، مؤثر اور بروقت جواب دے کر نہ صرف اپنی خودمختاری کا دفاع کیا بلکہ خطے کو بڑے تصادم سے بھی بچایا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن دفاع سے غافل نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دشمن نے پاکستان کی خودمختاری پر حملے کی کوشش کی تو وہ ایک خطرناک غلط فہمی کا شکار ہوگا، اور اس کے نتائج کا ذمہ دار بھی وہ خود ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر مؤثر جواب دے کر نہ صرف قومی وقار کو بلند کیا بلکہ دشمن کے غرور کو بھی خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج بھی معرکۂ حق میں ہونے والی اپنی شکست کو فراموش نہیں کر سکا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ خطے میں پاک بحریہ کو درپیش میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اس تناظر میں نیوی کی پیشہ ورانہ تیاری نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے اور اس جدوجہد میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کی اصولی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے اور اسے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جانا چاہیے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان آج پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط، متحد اور پُرعزم ہے، اور ہر قیمت پر اپنے دفاع، خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا۔



