جی ایچ کیو حملہ کیس اور 9 مئی کے دیگر مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی
اسی طرح 9 مئی کے دیگر 11 مقدمات کی سماعت بھی بغیر کارروائی کے مؤخر کر دی گئی

راولپنڈی (ویب ڈیسک): جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت سانحہ 9 مئی سے متعلق دیگر مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ کے روبرو جی ایچ کیو حملہ کیس اور 9 مئی کے دیگر مقدمات کی سماعت مقرر تھی۔ سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل، راجا بشارت اور ایمان طاہر عدالت میں پیش ہوئے۔
تاہم کسی بھی مقدمے میں باقاعدہ کارروائی نہ ہو سکی جس کے بعد عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت تین جولائی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں جیل ٹرائل کے طور پر کی جائے گی۔
اسی طرح 9 مئی کے دیگر 11 مقدمات کی سماعت بھی بغیر کارروائی کے مؤخر کر دی گئی۔ ان تمام مقدمات کی آئندہ تاریخ بھی تین جولائی مقرر کی گئی ہے۔
عدالت کی جانب سے مقدمات کی کارروائی میں تعطل کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم تمام فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔



