جون میں مہنگائی کی شرح 3 سے 4 فیصد تک محدود رہنے کا امکان
مہنگائی کی یہ شرح مئی 2025 میں ریکارڈ کی گئی 3.46 فیصد سے قدرے کم ہو سکتی ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزارت خزانہ نے ماہِ جون کے لیے مہنگائی کے بارے میں اپنی تازہ ترین اقتصادی جائزہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں ماہ مہنگائی کی شرح 3 سے 4 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی کی یہ شرح مئی 2025 میں ریکارڈ کی گئی 3.46 فیصد سے قدرے کم ہو سکتی ہے، تاہم اس میں کسی نمایاں کمی کا امکان نہیں۔ واضح رہے کہ دسمبر کے بعد مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر دیکھی گئی تھی، جس نے مہنگائی میں دوبارہ اضافے کے خدشات کو جنم دیا۔
اقتصادی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں بڑی صنعتوں (ایل ایس ایم) کی کارکردگی میں بہتری کی امید ہے، خاص طور پر سیمنٹ کی فروخت اور گاڑیوں کی خریداری جیسے اشاریے معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مئی 2025 میں گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس میں کاروں، اسپورٹ یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو ویز)، پک اپس اور وینز کی فروخت بڑھ کر 14 ہزار 762 یونٹس تک جا پہنچی۔ یہ شرح سالانہ بنیاد پر 35 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 39 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
تاہم رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اپریل 2025 کے دوران بڑی صنعتوں کی مجموعی کارکردگی ملی جلی رہی۔ سالانہ بنیاد پر اگرچہ 2.3 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی، لیکن ماہانہ پیمانے پر 3.2 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق مہنگائی کی موجودہ رفتار قدرے قابو میں ہے، تاہم عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مالیاتی پالیسی کے اثرات مہنگائی کی سمت کا تعین کریں گے۔



