اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی سینیارٹی طے، جسٹس سرفراز ڈوگر سینیئر ترین قرار
ٹرانسفر ججز کیس میں اہم پیش رفت

اسلام آباد (ویب ڈیسک): ٹرانسفر ججز کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی، صدرِ مملکت نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینیئر ترین جج قرار دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی جسٹس ڈوگر سمیت دیگر دو ججز کی ٹرانسفر کو بھی مستقل حیثیت دے دی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے ہائیکورٹ ججز کی سینیارٹی کے تعین کا معاملہ صدرِ مملکت کو بھجوایا گیا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سینیارٹی لسٹ جاری کر دی۔
جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج قرار پائے ہیں، جب کہ جسٹس خادم حسین سومرو سینیارٹی میں 9ویں اور جسٹس آصف 11ویں نمبر پر موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ ججز کی ٹرانسفر کے مستقل یا عارضی ہونے کا معاملہ بھی صدرِ مملکت کے فیصلے سے واضح ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے سپریم کورٹ کے 19 جون کے فیصلے کے خلاف 28 جون کو انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی، تاہم اس سے ایک روز قبل ہی 27 جون کو صدرِ مملکت کی جانب سے سینیارٹی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔
ادھر، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس یکم جولائی کو طلب کیا گیا ہے، جس میں اسلام آباد، سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹسز کی تعیناتی زیر غور آئے گی۔ ہر ہائیکورٹ سے تین سینیئر ترین ججز میں سے ایک کو چیف جسٹس تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام زیر غور آئیں گے۔



