پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ

قیمت میں اضافے کا اطلاق آج (منگل) سے ہو چکا ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

 آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 184 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قیمت میں اضافے کا اطلاق آج (منگل) سے ہو چکا ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 169 روپے 20 پیسے فی لیٹر تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب وزارتِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

حکومت ہر پندرہ روز بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اور روپے کی قدر کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتی ہے۔ عوامی سطح پر پہلے ہی مہنگائی کے باعث پریشانی کے شکار شہریوں پر قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button