دہشت گردی کے خلاف پولیس ہر اول دستہ ہے، فورس کو جدید ترین وسائل فراہم کر کے ناپائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر قومی سلامتی اور امن و امان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں حکومت اور قوم کی جانب سے پولیس کے شہداء کو دلی سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور سنگین جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس فورس نے ہمیشہ آگے بڑھ کر ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ شہداء کے ناقابلِ فراموش لہو نے ملک میں قانون کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کی بنیا د رکھی ہے۔
انہوں نے شہداء کے سوگوار خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کا صبر، حوصلہ اور استقامت بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی قربانیاں کسی ایک فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ قربانیاں ہیں۔
پیغام میں پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم آج کے دن تجدیدِ عہد کرتے ہیں کہ پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انہیں ہر ممکن جدید وسائل اور سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ آئیے ہم سب مل کر شہداء کی عظیم قربانیوں کے شایانِ شان ایک پُرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے باہمی اتحاد اور پختہ عزم کا اعادہ کریں۔



