خواتین انڈر 19 ٹی20 سہ ملکی سیریز: فیصل آباد میں میچ آفیشلز کا اعلان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی خواتین انڈر 19 ٹی20 سہ ملکی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے، سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 10 میچز پر مشتمل سہ ملکی سیریز کے تمام مقابلے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوں گے، جس میں تینوں ٹیمیں لیگ مرحلے کے دوران ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی۔
آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل سلیمہ امتیاز ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ عبدالمقیت، ذوالفقار جان، عمران جاوید اور طارق رشید بھی امپائرنگ پینل کا حصہ ہوں گے۔
ثانیہ اشرف، عافیہ امین اور نازیہ نذیر بھی سیریز کے دوران امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔
سیریز کے ابتدائی پانچ میچز کے لیے بلال خلجی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے، وہ 2 سے 8 اکتوبر تک ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ افتخار احمد آخری چار لیگ میچز اور 16 اکتوبر کو کھیلے جانے والے فائنل کے میچ ریفری ہوں گے۔
لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں 16 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔



