پیٹن اور ہیلیووارا نے ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کے مینز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ کے ہنری پیٹن اور فن لینڈ کے ہاری ہیلیووارا نے ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کے مینز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ہفتے کو کھیلے گئے فائنل میں ٹاپ سیڈ جوڑی نے ایل سلواڈور کے مارسلو اریوالو اور کروشیا کے میٹے پاوچ کو مسلسل دو ٹائی بریک سیٹس میں 7-6 (7-4)، 7-6 (7-3) سے شکست دے کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔
یہ پیٹن اور ہیلیووارا کی جوڑی کا تیسرا گرینڈ سلیم ڈبلز ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل دونوں نے 2024 میں ومبلڈن اور گزشتہ سال آسٹریلین اوپن کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہنری پیٹن اور ہاری ہیلیووارا اوپن ایرا میں ومبلڈن مینز ڈبلز کے ایک سے زیادہ ٹائٹل جیتنے والی 11ویں جوڑی بن گئے ہیں جبکہ 2011 میں باب اور مائیک برائن کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بھی ہیں۔
فاتح جوڑی نے فائنل تک رسائی کے دوران بھی عمدہ اعصاب کا مظاہرہ کیا اور اپنے پانچ میں سے تین میچ آخری سیٹ کے ٹائی بریک میں جیتے۔ فائنل میں بھی ٹائی بریک کے دباؤ کو بخوبی سنبھالتے ہوئے انہوں نے فتح اپنے نام کی۔
کامیابی کے بعد ہاری ہیلیووارا نے سینٹر کورٹ پر خوشی کا اظہار قلابازی لگا کر کیا جبکہ ہنری پیٹن کورٹ پر لیٹ گئے۔ بعد ازاں ہنری پیٹن نے کہا کہ میں اپنے کیریئر کا کریڈٹ ہاری ہیلیووارا کو دیتا ہوں، انہوں نے ابتدا میں مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے موقع دیا۔



