انڈونیشیا میں خوف پھیلانے والا جنگلی بندر پکڑا گیا، 17 افراد کو زخمی کرچکا تھا

جکارتا (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے صوبے ریاؤ میں گزشتہ دو ہفتوں سے شہریوں کو زخمی کرنے والے جنگلی بندر کو پولیس، فوج، فائر فائٹرز اور جنگلی حیات کے اہلکاروں کی مشترکہ کارروائی کے بعد پکڑ لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع ٹمبیلاہان میں بندر کے کاٹنے کے مسلسل واقعات رپورٹ ہورہے تھے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
حکام کے مطابق جنگلی بندر نے تقریباً 17 افراد کو زخمی کیا، جن میں بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔ بندر گھروں کے باہر اور سڑکوں پر لوگوں کو اچانک نشانہ بناتا تھا۔
پولیس چیف ڈونی ایکو لسٹینٹو نے بتایا کہ ریاؤ نیچرل ریسورسز کنزرویشن ایجنسی نے بندر کو پکڑنے کے لیے 3 جال نصب کیے، جن میں سے ایک جال کے ذریعے بالغ نر بندر کو زندہ پکڑنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
بندر کے حملوں میں اضافے کے باعث علاقے میں شہریوں میں خوف کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جبکہ ضلع ٹمبیلاہان کے اسکول بھی 3 روز کے لیے بند کرکے آن لائن کلاسز کا انتظام کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق پکڑا گیا بندر لمبی دم والا بالغ نر بندر ہے، جسے اب جنگلی حیات کے متعلقہ ادارے کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔



