واٹس ایپ میں نامعلوم نمبروں سے آنیوالی کالز کی جانچ کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)واٹس ایپ میں ایک ایسے نئے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو نامعلوم نمبروں سے آنے والی کال کا جواب دینے کا فیصلہ آسان بنائے گا۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں نئے کال اسکرینر فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے ایک نئے کال اسکریننگ فیچر پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد مل سکے کہ نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کا جواب دیں یا نہیں۔
وہ یہ فیصلہ کال ریسیو کرنے سے قبل کرسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور بیٹا ورژن میں بھی صارفین کو دستیاب نہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس فیچر کے تحت واٹس ایپ کی پرائیویسی سیٹنگز میں 3 آپشنز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
پہلا آپشن نیور ہوگا یعنی کال فلٹرنگ کو ڈس ایبل کرکے ان کمنگ کالز موصول ہونے کی اجازت ہوگی۔
دوسرا آپشن نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کو سائیلنٹ کرنا ہوگا۔
یعنی ایپ کی کال ٹیب پر کالز نظر آئیں گی اور نوٹیفکیشن بھی نظر آئے گا مگر کال آنے پر رنگ بیل نہیں بجے گی۔
تیسرا آپشن زیادہ ایڈوانسڈ اسکریننگ پر مشتمل ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اس آپشن کے تحت واٹس ایپ کی جانب سے نامعلوم نمبروں سے آنے والی کال پر خودکار جواب دے کر کالر سے کالنگ کا مقصد پوچھا جائے گا۔
اس کے بعد ایپ کی جانب سے کالر کے جواب کے مطابق ٹرانسکرپٹ تیار کرکے آپ کو بھیجا جائے گا۔
آپ ان تفصیلات کو دیکھ کر فیصلہ کرسکیں گے کہ کال موصول کرنا چاہیے یا نہیں۔
اس فیچر سے صارفین کو غیر ضروری کالز سے نجات مل سکے گی۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر پر کام کیا جا رہا ہے تو یہ کب تک دستیاب ہوگا، ابھی یہ کہنا مشکل ہوگا۔



