محکمہ موسمیات کی وارننگ: ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر، کچھ علاقوں میں بارش کا امکان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج چند مقامات پر بارش جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، کوہستان، مالم جبہ اور کالام میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدید لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔



