تھرپارکر: نہروں کی مرمت کا کام تیز، ٹیل تک پانی پہنچانے کے اقدامات شروع

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ ایریگیشن اینڈ ڈرینیج اتھارٹی کے ایم ڈی منصور احمد میمن کی ہدایات پر کوٹری بیراج سے نکلنے والی تمام کینالوں، نہروں اور شاخوں کے واٹر کورسز کے ماڈیولز کی درستگی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ خریف کے سیزن میں دھان سمیت دیگر فصلوں کو پانی کی قلت سے بچایا جا سکے اور ٹیل تک پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔
ایم ڈی سیڈا منصور احمد میمن کی جانب سے اکرم واہ، لائنڈ چینل، نیو پھلیلی کینال اور اولڈ پھلیلی کینال کی مختلف آبپاشی ڈویژنز میں ٹوٹے، خراب اور اوور سائز واٹر کورسز کے ماڈیولز کی مرمت اور درستگی کے احکامات جاری کیے گئے، جس کے بعد آبپاشی افسران اور ایس ڈی اوز نے اپنے اپنے علاقوں میں کام شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں شادی سب ڈویژن کی مین کینال شادی لارج واہ اور بہادر واہ پر داروغہ حاجی محمد اسلم کھوسو، حق نواز کھوسو، اعجاز علی کھوسو اور دیگر عملہ لوئر اسٹاف کے ہمراہ منبع سے ٹیل تک واٹر کورسز کی مرمت اور مینٹیننس میں گزشتہ دو دن سے مصروف ہے۔
ایس ڈی او آبپاشی شاکر حبیب میمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خریف کے موسم میں پانی کی شدید قلت اور دھان کی کاشت کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی چوری روکنے اور ٹیل تک منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی آبادگار کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی اور تمام آبادگار پانی کی کمی میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوٹری بیراج پر مطلوبہ مقدار میں پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث محکمہ آبپاشی کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم اس کے باوجود عملہ دن رات محنت کر رہا ہے تاکہ نظام کے آخری سروں تک پانی پہنچایا جا سکے۔
دوسری جانب خشک نہروں اور شاخوں کے ٹیل کے آبادگاروں اور کسانوں میں پانی پہنچنے کی امید پیدا ہونے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے عملے کی کوششوں کو سراہا ہے۔



