ماتلی: باؤلی شاخ میں پانی کی شدید قلت کے خلاف آبادگاروں کا احتجاج، غیر قانونی بندش ختم کرنے کا مطالبہ

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی /جانو ڈاٹ پی کے) ماتلی میں پھلیلی کینال سے نکلنے والی باؤلی شاخ میں پانی کی شدید قلت اور مبینہ غیر قانونی بندش کے خلاف سینکڑوں آبادگار سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق مختلف دیہاتوں سے آنے والے آبادگار ڈاٹسن، سوزوکیاں اور چنگ چی رکشوں کے ذریعے ماتلی پہنچے، جہاں انہوں نے ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بااثر زمینداروں نے مبینہ طور پر آبپاشی عملے کی ملی بھگت سے باؤلی شاخ کے 22 آر ڈی کے مقام پر غیر قانونی پائپ نصب کر کے پانی کا بہاؤ روک رکھا ہے، جس کے باعث ٹیل تک پانی نہیں پہنچ رہا۔

آبادگاروں کے مطابق پانی کی بندش سے 15 آر ڈی تک کے علاقے متاثر ہوئے ہیں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں، خصوصاً چاول کے بیج، سوکھنے کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم دستیابی سے مال مویشی اور مقامی آبادی بھی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی پائپ فوری طور پر ہٹایا جائے اور باؤلی شاخ میں پانی کی بحالی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button