پنجاب میں واسا کا دائرہ کار تحصیل سطح تک پھیلانے کا فیصلہ، 99 تحصیلوں میں خدمات فراہم کی جائیں گی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے دائرۂ کار کو ضلعی سطح سے بڑھا کر تحصیل سطح تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس نئے منصوبے کے تحت پنجاب کی 99 تحصیلوں میں بھی واسا کی جدید خدمات فراہم کی جائیں گی۔
محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے ترجمان کے مطابق شہری علاقوں میں کامیاب فلڈ مینجمنٹ کے بہترین تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اب دیہی اور دور دراز علاقوں تک بھی واسا کی خدمات پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے بھر میں نکاسیٔ آب کے نظام کو جدید، مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ حکام کو بلا تاخیر عملدرآمد شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ تمام تحصیلوں میں سروسز کی فراہمی کے لیے ضروری انتظامات اور بنیادی ڈھانچہ فوری طور پر مکمل کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس توسیع کے تحت دیہی اور تحصیل کی سطح پر ڈی سلٹنگ مہمات، جدید سیوریج پلاننگ اور نکاسیٔ آب کے نئے ماڈل متعارف کرائے جائیں گے۔ اس سے بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی میں نمایاں بہتری آئے گی اور دیہی عوام کو بھی شہری طرز کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عوام میں صفائی اور نکاسیٔ آب کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی مہمات چلائی جائیں گی، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے ذریعے بھی احتیاطی تدابیر سے متعلق پیغامات پہنچائے جائیں گے۔ اس منصوبے کی حتمی منظوری کے لیے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔



