خلیجی ممالک ٹرمپ کی ایران پالیسی سے پریشان و مایوس، امریکا سے سکیورٹی ضمانتوں کا مطالبہ

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجی عرب ممالک ایران کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی حکمتِ عملی اور غیر واضح پالیسی سے سخت پریشان اور مایوس ہیں، جس کے بعد ان ریاستوں نے امریکا سے باقاعدہ سکیورٹی ضمانتوں کا مطالبہ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پس پردہ ہونے والے سفارتی مذاکرات میں خلیجی ریاستوں نے امریکی پالیسی میں عدمِ استحکام پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کر کے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا ہے، کیونکہ سعودی عرب اس تنازع کے سفارتی اور پُرامن حل کو ہی ترجیح دے رہا ہے۔

اس کے برعکس، متحدہ عرب امارات (UAE) ایران کے خلاف مزید سخت امریکی فوجی کارروائی کا حامی نظر آتا ہے۔

اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی یا جنگ کا آغاز کرنے سے قبل اپنے اہم خلیجی اتحادیوں کو اعتماد میں نہیں لیا اور نہ ہی ان سے کوئی مشاورت کی، جس سے ان ممالک کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تناؤ کے درمیان امریکا کویت میں اپنی فوجی موجودگی کم کرنے پر غور کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب کویتی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس حساس وقت میں امریکی دفاعی تعاون ان کی قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ خود امریکی عوام کے اندر بھی مسلسل غیر مقبول ہوتی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button