ودیا بالن کی عرفان خان کے ساتھ پرانی فلم یاد کرکے جذباتی پوسٹ

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے آنجہانی اداکار عرفان خان کے ساتھ اپنی ایک پرانی فلم کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ایک جذباتی نوٹ شیئر کیا ہے۔
بالی ووڈ ودیا بالن نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی فلم ‘دی لاسٹ ٹیننٹ’ کے کلپس شیئر کیے جو 25 سال قبل شوٹ کی گئی تھی لیکن اب اسے یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے۔
ودیا بالن نے لکھا کہ انہوں نے گزشتہ رات پہلی بار یہ فلم دیکھی جو انہوں نے ڈھائی دہائیاں قبل شوٹ کی تھی مگر کسی وجہ سے اس وقت ریلیز نہ ہو سکی۔
اداکارہ نے اس دور کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ وہ وقت تھا جب ان کی ملیالم فلم ‘چکرم’ بند ہو گئی تھی اور تین سال کے عرصے میں انہیں درجن بھر فلموں سے نکالا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب گزشتہ ہفتے ہدایت کار نے انہیں فلم کی یوٹیوب پر ریلیز کے بارے میں بتایا تو انہیں عرفان خان کے ساتھ گزرا وقت یاد آگیا۔ ودیا بالن نے یاد کیا کہ انہوں نے سیٹ سے اپنی بہن کو جوش و خروش سے فون کر کے بتایا تھا کہ وہ عرفان خان کے ساتھ شوٹنگ کر رہی ہیں۔
انہوں نے عرفان خان کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بھی سب سے فطری اداکار تھے اور آج بھی ان کی اداکاری بے مثال ہے۔
ودیا بالن نے افسوس کا اظہار کیا کہ عرفان خان کی زندگی میں ان کے ساتھ دیگر فلموں میں کام کرنے کے منصوبے تو مکمل نہ ہو سکے، لیکن اب خوشی ہے کہ کم از کم ان کے پاس ‘دی لاسٹ ٹیننٹ’ کی صورت میں ایک یادگار موجود ہے۔
واضح رہے کہ عرفان خان ایک عالمی شہرت یافتہ اداکار تھے جنہوں نے ‘لائف آف پائی’ اور ‘جراسیک ورلڈ’ جیسی ہالی ووڈ فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کا انتقال 2020 میں ہوا تھا۔



