وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتیں 6 ہزار سے تجاوز کر گئیں، ہزاروں افراد تاحال لاپتا

کراکس(مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا میں جون کے آخر میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 125 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی لاپتا ہیں اور اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگیز نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 6 ہزار 125 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق غیر سرکاری اندازوں کے تحت 17 ہزار سے 29 ہزار 500 افراد تاحال لاپتا ہیں، جس کے باعث خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
جارج روڈریگیز نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں اور ملبہ ہٹانے کا کام مسلسل جاری ہے۔ اب تک تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار ٹن ملبہ صاف کیا جا چکا ہے، جو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے اندازے کے مطابق مجموعی 21 لاکھ ٹن ملبے کا تقریباً 16.5 فیصد بنتا ہے۔
واضح رہے کہ 24 جون کو آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے وینزویلا کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی تھی، جس کے بعد ملک میں قومی ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی تھی۔



