امریکا کے 250ویں یومِ آزادی پر پاکستان کی مبارکباد، پاک امریکا دوستی مضبوط شراکت داری قرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک)ریاستہائے متحدہ امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے امریکی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنے خصوصی پیغام میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکہ کی تاریخ آزادی، جمہوریت، استقامت اور جدت کے اصولوں سے عبارت ہے، جبکہ آزادی اور جمہوری اقدار وہ مشترکہ بنیاد ہیں جو پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی انہی اعلیٰ اصولوں اور آزادی کے نظریے کے تحت معرضِ وجود میں آیا، اسی لیے دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، تعاون اور شراکت داری کی ایک مضبوط روایت موجود ہے۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاک۔امریکہ تعلقات گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران متعدد علاقائی اور عالمی چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کرتے ہوئے مزید مستحکم ہوئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی شراکت داری نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ عالمی امن، استحکام اور ترقی کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی امریکہ کے ساتھ باہمی مفاد، احترام اور مشترکہ تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں

Back to top button