ایران پر امریکی حملوں میں 19 افراد شہید، 108 زخمی، ایرانی حکام

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے وزیر صحت محمد رضا ظفر قندی کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب مختلف صوبوں میں ہونے والے امریکی حملوں میں 19 افراد شہید اور 108 زخمی ہوئے۔
ایرانی وزیر صحت نے بتایا کہ ایک حملے میں شادی کی تقریب میں شریک ایک خاتون اور ایک بچے سمیت 5 افراد شہید جبکہ 65 زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق یہ 40 روزہ جنگ کے بعد امریکا کے شدید ترین حملوں میں سے ایک ہے۔
ہرمزگان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے صدر پژمان شاہ روخی کے مطابق سیرک کے پہاڑی علاقے میں زخمی ہونے والے 6 افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ جبکہ 26 افراد سرجیکل وارڈز میں زیر علاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خوزستان کے صوبے میں اہواز اور آغا جاری کے مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں میں 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں ایک شخص عوامی سکیورٹی فورسز کا رکن بھی شامل ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ صوبہ کرمانشاہ میں آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے، جبکہ رپورٹس کے مطابق لاوان جزیرے پر امریکی حملے کے بعد بسیج فورسز کے 3 اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔



