امریکا نے ایران کیخلاف ممکنہ کارروائی کے پیشِ نظر مشرقِ وسطیٰ میں خصوصی فوجی دستوں کی تعیناتی شروع کردی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا نے ایران کیخلاف ممکنہ کارروائی کے پیشِ نظر مشرقِ وسطیٰ میں خصوصی فوجی دستوں کی تعیناتی شروع کردی۔
امریکی اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں مزید فوجی دستے، طبی عملہ اور اسلحہ بھیجنا شروع کر دیا ہے تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لیے مزید مضبوط فوجی آپشنز فراہم کیے جا سکیں۔
امریکی اخبار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکی اسپیشل آپریشنز فورسز اپنے ملکی اڈوں سے مشرقِ وسطیٰ پہنچ چکی ہیں، جبکہ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا اور امریکی حکام بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہیں۔
مزید برآں، لڑاکا طیاروں کے اسکواڈرن مشرقِ وسطیٰ کے مختلف مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ امریکا اور برطانیہ کے فوجی اڈوں پر موجود بمبار طیاروں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائیاں تیزی سے بڑھائی جا سکیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران پر جہنم کے دروازے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئےکہا ہےکہ ایران کو بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی، انہیں تباہ کیا جا رہا ہے، حملے جاری رہیں گے۔



