اقوام متحدہ کا غزہ اور مغربی کنارے کی بگڑتی صورتحال پر اظہارِ تشویش، اسرائیلی حملوں کی مذمت

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ امن عمل کے نائب رابطہ کار رمیز الاکبروف نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور حملوں کی مذمت کی ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے رمیز الاکبروف نے کہا کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور جنگ بندی کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے عوام کی انسانی ضروریات، تحفظات اور امنگوں کو متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کے ذریعے پورا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے دونوں میں حالات بدستور غیر مستحکم ہیں۔ ان کے مطابق جون 2026ء تک جنگ بندی کے باوجود غزہ میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رمیز الاکبروف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں اور املاک پر حملوں میں بھی شدت آ گئی ہے، جس کے باعث خطے میں انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔



