ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کھولنے پر ایران کا شکریہ، بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے کا اعلان

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے پر ایران کا شکریہ ادا کردیا لیکن ساتھ ہی بحری ناکا بندی جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز مکمل کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے پر ایران کا شکریہ۔
امریکی صدر نے ایک اور پوسٹ میں اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے اور کاروبار اور مکمل آمد و رفت کے لیے تیار ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ لیکن ایران کے حوالے سے بحری ناکہ بندی پوری طاقت اور مؤثر انداز میں برقرار رہے گی اور یہ اسی وقت تک جاری رہے گی جب تک ایران کے ساتھ ہمارا 100 فیصد معاہدہ نہیں ہوتا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ عمل بہت تیزی سے مکمل ہونا چاہیے کیونکہ زیادہ تر نکات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ!”
ٹرمپ کا پاکستان اور اس کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین
امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا بھی شکریہ ادا کیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر زبردست شخصیات ہیں۔
ایک اور ٹروتھ سوشل کی پوسٹ میں ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا B-2 بمبار طیاروں کے ذریعے پیدا ہونے والی تمام (نیوکلئیر ڈسٹ) حاصل کرے گا۔ اس معاہدے میں کسی بھی صورت، شکل یا طریقے سے کوئی رقم کا لین دین نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ کسی بھی طور پر لبنان سے مشروط نہیں ہے، تاہم امریکا علیحدہ طور پر لبنان کے ساتھ کام کرے گا اور حزب اللہ کے معاملے کو مناسب انداز میں نمٹائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اب لبنان پر مزید بمباری نہیں کرے گا۔ امریکا نے اسے ایسا کرنے سے سختی سے روک دیا ہے۔اب بہت ہو چکا!
اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ اب جبکہ آبنائے ہرمز کا معاملہ ختم ہو چکا ہے، مجھے نیٹو کی طرف سے فون آیا اور پوچھا گیا کہ امریکا کو کسی مدد کی ضرورت ہے؟ میں نے اُن سے کہہ دیا کہ اب دور ہی رہیں جب واقعی ضرورت تھی تو کسی کام کے نہیں تھے، محض ایک کاغذی شیر (Paper Tiger) ثابت ہوئے!
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران نے امریکا کی مدد سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹا دی ہیں یا ہٹا رہا ہے۔
بعد ازاں مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا ان کی عظیم بہادری اور مدد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی بحری جہازوں کی آمد و رفت جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر کھول رہے ہیں۔



