جئے سندہ محاذ کی جانب سے 23مئی کو احتجاج کے سلسلے میں آگاہی مھم جاری

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )جیے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض علی چانڈیو نے نواز شاہ بھاڈائی، الہی بخش چاچڑ، امجد شورو کے ہمراہ 23 مئی کو ٹھٹھہ میں کوہستان اور ٹھٹھہ کی زمینوں پر قبضے، پانی کی قلت اور قدرتی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف اعلان کردہ احتجاجی مارچ کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم کے دوران غلام اللہ گھوڑاباری، مکلی، سیمنٹ فیکٹری، جھرک، سونڈا اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے عوام کو احتجاجی مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر ریاض علی چانڈیو نے کہا کہ سرکاری سرپرستی میں سندھ کی زمینیں چھینی جا رہی ہیں۔ کوہستان اور ٹھٹھہ کے قدیم گاؤں بلڈوز کیے جا رہے ہیں۔۔ اگر دھرتی کے وارثوں نے آنکھیں نہ کھولیں تو وطن پر حاکمیت کا حق کھو بیٹھیں گے۔ بدنام زمانہ قبضہ خوروں نے ٹھٹھہ جھمپیر، جنگشاہی، کوہستان کی پوری پٹی پر لاکھوں ایکڑ زمین غیر مقامی لوگوں کو بیچ دی ہے۔ نوری آباد کی 25 ہزار ایکڑ زمین حال ہی میں جعلسازی کرکے بیچ دی گئی ہے۔ 1500 سرکاری اور موروثی زمین نوحہ خوان فرحان علی وارث کے ساتھ بیچ دی گئی ہے۔
جھمپیر ونڈ مل سے بجلی پیدا ہو رہی ہے لیکن مقامی لوگ ایک میگاواٹ بجلی بھی استعمال نہیں کر سکتے۔ ٹھٹھہ کے ساحلی تعلقہ میرپورساکرو میں ونڈ مل پروجیکٹ لگا ہوا ہے، وہاں بھی دھرتی کے وارث محروم ہیں۔ ریتی اور بجری مافیا کے ظلم کی وجہ سے اپنے قدیم پہاڑ کھو بیٹھے ہیں۔ آج دھان کے سیزن میں اتنا پانی بھی نہیں کہ لاڑ اور ٹھٹھہ کے لوگ کاشتکاری کر سکیں۔ نہروں میں ریت اڑ رہی ہے، جبکہ کینجھر کا پانی کراچی کو دیا جا رہا ہے اور بچا ہوا پانی علی حسن زرداری کی زمینوں کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے۔ عوام پینے کے پانی کے لیے پریشان ہے۔اس موقع پر نواز شاہ بھاڈائی نے کہا کہ ٹھٹھہ قبضہ گیروں، منشیات فروشوں، پولیس اور وڈیرا شاضی نظام کے نیچے پس رہا ہے۔ بدامنی عروج پر ہے۔ چند وڈیرے ضلع پر قابض ہیں۔ قدرتی وسائل بے دردی سے لوٹے جا رہے ہیں۔ اب عوام کو جاگ کر سڑکوں پر آنا ہوگا۔رہنماؤں نے ٹھٹھہ سمیت لاڑ کے غیرت مند شہریوں سے اپیل کی کہ 23 مئی کو ٹھٹھہ میں طے شدہ احتجاجی مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔جیے سندھ محاذ کی دوسری پریس ریلیز کے مطابق 23 مئی کو کارکن اور عوام شام 4 بجے مکلی مراد علی شاہ بھاڈائی منزل پر جمع ہوں گے۔ وہاں سے قافلہ ٹھٹھہ پہنچے گا۔ ایدھی سینٹر سے 5 بجے ریلی نکال کر مین رکشا اسٹاپ پر جلسہ کیا جائے گا۔



