پولیس گردی کے خلاف ترقی پسند پارٹی ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے احتجاجی ریلی

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) یوسی بہارا، تعلقہ میرپور ساکرو کے گاؤں یار محمد خاصخیلی میں مبینہ پولیس گردی اور زیادتیوں کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے بہارا شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پارٹی کارکنان، مقامی شہریوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس گردی کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ شرکاء نے شدید نعرے بازی بھی کی۔

مظاہرے سے سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے ضلعی صدر سید جلال شاہ، راجو قریشی، عمر نہیو، علی محمد مالیہو، صالح ملاح اور اشرف خاصخیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پولیس کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو ہراساں کرنے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ پولیس زیادتیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے ساتھ ناانصافیاں بند نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سخت احتجاجی تحریک چلائی جائے گی مقررین کا کہنا تھا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی ہمیشہ مظلوم عوام کی آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مظاہرے کے اختتام پر مظاہرین نے پرامن انداز میں منتشر ہونے سے قبل انصاف کی فراہمی کا مطالبہ دہرایا۔

مزید خبریں

Back to top button