تھرپارکر: چینی انجینئرز و غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت، ایپکس کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی (ایپکس کمیٹی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکیورٹی، انسدادِ جرائم اور انتظامی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ ان کی نقل و حرکت اور ورک سائٹس پر خصوصی نگرانی بھی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرنے اور غیر رجسٹرڈ مدارس کو قانونی دائرے میں لانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری و گوچر زمینوں پر تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں غیر قانونی پیٹرول پمپس، کم معیار اور غیر قانونی پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا، جبکہ ایرانی پیٹرول کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
مزید برآں منشیات، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، غیر قانونی سگریٹوں اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے خلاف مشترکہ کارروائی پر زور دیا گیا۔ اینٹوں کے بھٹوں، غیر رجسٹرڈ مزدوروں اور غیر قانونی مقیم افراد کی نگرانی کی بھی ہدایت دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصولی کے خلاف روزانہ کارروائی اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، جبکہ بجلی چوری، پیشہ ور بھکاریوں، جبری مشقت اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بھی سخت اقدامات پر زور دیا۔



