ڈیپلو میں مسلح افراد کا حملہ، نوجوان شدید زخمی،پولیس کا ایف آئی آر درج کرنےسے انکار

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈیپلو کے تھانے کی حدود میں واقع گاؤں بنھوار لنڈ میں مبینہ طور پر بااثر مسلح افراد کے وحشیانہ حملے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمی نوجوان شوکت ولد دریا خان لنڈ کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ تاحال بے ہوشی کی حالت میں زیرِ علاج ہے۔
متاثرہ فریق کے مطابق ذوالفقار، نواز، ایوب، رمضان، آمین سمیت چھ افراد نے اچانک دکان پر دھاوا بول کر شوکت لنڈ پر لاٹھیوں اور کلہاڑیوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف کی فضا قائم ہو گئی۔
زخمی کے ورثا محمد لنڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شوکت کئی سالوں سے اسی مقام پر دکان چلا رہا تھا، جہاں ایک دینی مدرسہ بھی قائم ہے۔ ان کے مطابق ملزمان پہلے بھی دکان اور مدرسے کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں، اور واقعے کے روز شوکت اکیلا موجود تھا جب اس پر اچانک حملہ کیا گیا۔
محمد لنڈ نے الزام عائد کیا کہ زخمی کو دیپلو تھانے لے جانے کے باوجود پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا اور الٹا متاثرہ فریق کے خلاف این سی درج کر لی، جو انصاف کے منافی عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان بااثر ہیں اور سیاسی پشت پناہی کے باعث کھلے عام گھوم رہے ہیں، جبکہ متاثرہ خاندان شدید پریشانی کا شکار ہے۔
متاثرہ فریق اور علاقے کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، ملزمان کی گرفتاری، ایف آئی آر کے اندراج اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



