تارے زمین پر کے ٹاپر بھائی کا کردار نبھانے والا اداکار برطانیہ میں ڈاکٹر بن گیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی 2007 کی بلاک بسٹر فلم تارے زمین پر میں درشیل سفاری کے ٹاپر بڑے بھائی کا کردار ادا کرنے والے سچیت سیٹھ اب برطانیہ میں دانتوں کے کامیاب ڈاکٹر بن چکے ہیں۔

اس فلم میں ایشان آواستھی کے بڑے بھائی کو ایک نہایت ذہین طالب علم کے طور پر دکھایا گیا جو ہمیشہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرتا تھا۔ حقیقی زندگی میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔

اس کردار کو ادا کرنے والے سچیت سیٹھ نے فلم کی کامیابی کے بعد اداکاری کو خیرباد کہہ کر ڈینٹسٹری کی تعلیم حاصل کی اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

انسٹاگرام پر سچیت انجینئر کے نام سے مشہور ہیں انھوں نے یوہانند کشور آواستھی کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے بعد درشیل سفاری نے تو فلم میں کام جاری رکھا، تاہم سچیت عوامی نظروں سے اوجھل ہوگئے تھے۔

انہوں نے طب کے شعبے میں اپنا کیریئر بنایا اور ڈی وائی پاٹل یونیورسٹی سے دندان سازی کی تعلیم حاصل کی اور مسوڑھوں اور دانتوں کے معاون ٹشوز کی بیماریوں کے شعبہ میں گولڈ میڈل سے حاصل کیا۔ اس وقت وہ برطانیہ میں ایک رجسٹرڈ ڈینٹل پریکٹشنر ہیں۔

ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو سچیت کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت بچے تھے۔ شوٹنگ کے دوران صرف کھیل کود اور مزے کرتے، میں اور درشیل دونوں بہت لطف اندوز ہوتے تھے اور اتنے سنجیدہ نہیں تھے جتنا لوگ ہم سے توقع کرتے تھے۔ جب بھی عامر انکل کسی منظر کی تیاری کرتے، وہ ہمیں اس کے مطابق جذباتی کیفیت میں لے آتے تھے۔

یاد رہے کہ یہ فلم ایشان نامی ایک آٹھ سالہ بچے کی کہانی تھی جو ایک تخلیقی اور فنکارانہ صلاحیتوں کا حامل بچہ تھا لیکن تشخیص نہ ہونے والی ڈسلیکسیا (پڑھنے اور لکھنے میں دشواری) کی وجہ سے وہ روایتی تعلیمی نظام میں مشکلات کا شکار رہتا تھا۔

والدین کی مایوسی کے باعث اسے ایک سخت گیر بورڈنگ اسکول بھیجا گیا، جہاں ایک ہمدرد آرٹ ٹیچر اس کی سیکھنے کی معذوری کو پہچانتا اور اسے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دیتا ہے۔ اس فلم کو متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اور یہ عامر خان کے کیریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔

مزید خبریں

Back to top button