وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکاہزارہ ڈویژن کیلئے200ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

مانسہرہ(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہزارہ ڈویژن کیلئے200ارب روپے کے ترقیاتی پیکج اور مانسہرہ میں میڈیکل، نرسنگ کالجز جبکہ ٹراما سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کردیا۔مانسہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کیلیے 200 ارب روپے کے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے میں سے 50 ارب روپے صرف سیاحتی منصوبوں پر خرچ ہونگے جبکہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج، ٹراما سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے تناول فیڈر کے قیام اور15کلومیٹر اوگی روڈ کی تعمیر جبکہ تناول اور دربند تحصیلوں کو بھی بہت جلد مکمل فعال کرنے کا اعلان بھی کیا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ کل شیخ ادریس صاحب کو شہید کیا گیا، اس سے قبل بھی قیمتی لوگوں کو شہید کیا گیا، جب ہم دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے تھے تو کہا جاتا یہ جھوٹ بول رہے ہیں، جب معصوم لوگ شہید ہونا شروع ہوگئے تو اب کہتے ہیں آپریشنز کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو لیبارٹری سمجھ کر تجربات کیے جا رہے ہیں، اس کا نقصان غریب عوام کو ہو رہا ہے،180نشستیں جیتنے والے شخص کو قید کیا گیا،17نشستیں جیتنے والوں کو ہم پر مسلط کیا گیا، جب تک ہم اپنے حق کے لیے کھڑے نہیں ہونگے تب تک ہم ہر ظلم و جبر کرتے رہیں گے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے متحد ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑنی ہے، ہم نے عمران خان کے نظریے پر اپنی جانیں قربان کی ہیں ، ان کو تکلیف میں دیکھ کر درد ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا کہ میں بھی تیار ہوں اور قوم بھی تیار ہے،حکم کریں تو پورا پاکستان بند کر دیں، میرا لیڈر عمران خان ہے میں اس کے ہر حکم کی تعمیل کروں گا۔



