آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی، فرانس نے مائن ہنٹرز تعینات کر دیئے


پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے اور بارودی سرنگوں کی ممکنہ صفائی کے لیے مائن ہنٹرز تعینات کر دیے ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس کے مائن ہنٹرز شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی اور جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمانی حکام سے مشاورت کے بعد طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈیگال کو بندرگاہ واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم بارودی سرنگوں سے نمٹنے والے فرانسیسی بحری اثاثے اور ان کا حفاظتی دستہ خطے میں موجود رہیں گے اور کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایران گزشتہ ماہ کے آخر میں آبنائے ہرمز میں فرانسیسی شمولیت کی مخالفت کر چکا تھا، جب صدر ایمانوئل میکرون نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔