پیپلز پارٹی کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی مضبوط حامی ہے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، لیکن بھارتی ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی مبینہ سنگین خلاف ورزیاں بھی ان کے جذبۂ آزادی کو کمزور نہیں کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مضبوط حامی رہی ہے، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی ہر اہم عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتی رہے گی۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان کے اختتام پر امید ظاہر کی کہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنی آزادانہ مرضی اور خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔



