ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ غلطی تھی، ٹرمپ بھی حقیقت سمجھ چکے ہیں، سلووینیا

لوبیانا: سلووینیا کی صدر نتاشا پیرک موسار نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ ایک غلط فیصلہ تھی، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اب اس حقیقت کا ادراک کر چکے ہیں۔
الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں صدر موسار نے کہا کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور ممکنہ معاہدے کے لیے قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین خارجہ پالیسی پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر اس کی حیثیت اور اثر و رسوخ کمزور ہوا ہے۔
صدر موسار کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان خارجہ پالیسی پر اتحاد کا فقدان بین الاقوامی معاملات میں بلاک کے مؤثر کردار میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ عالمی تنازعات کا حل جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔



